اسلام آباد(ایجنسیاں)پارلیمنٹ کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے کہاہے کہ آئندہ عدالت میں ڈیم فنڈ کی بات نہیں کروں گا‘ڈیم فنڈمیں بڑی برکت ہے ‘ بہت پیسے آرہے ہیں ‘اس موقع پر ایک فریق کے وکیل نعیم بخاری نے چیف جسٹس کو پیشکش کی کہ مجھے ایک سوبیس سیکنڈزکی مہلت دیدیں ‘ ہر سیکنڈکے عوض ڈیم فنڈکیلئے ایک ہزارروپے دوں گا۔ جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سات رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ایک فریق کے وکیل نعیم بخاری نے پیش ہوکرکہا کہ کامران مرتضی اس مقدمے میں کسی فریق کے وکیل تھے لیکن انہوں نے مقدمے میں پیش ہونے سے انکار کردیا ہے ، اس لئے کامران مرتضی کے ساتھ رابطے کے لئے مجھے ایک سو بیس سیکنڈ کی مہلت دی جائے تومیںہر سیکنڈ کے عوض ڈیم فنڈزکیلئے ایک ہزار روپے جمع کروں گا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پیسے ڈیمز فنڈز میں نہ جمع کرائے جائیں، کیونکہ میرے بارے میں کہا جاتا ہے میں ڈیمز بنانے کے رومانس میں گرفتار ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے عوام سے ڈیمز فنڈز کیلئے پیسے جمع کرانے کی اپیل کی جس کے بعد ڈیمز فنڈز کیلئے بہت پیسے آرہے ہیں۔