• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلاؤ گھیراؤ: اسلام آباد اور اٹک میں مقدمات درج، 11 افراد گرفتار

وفاقی پولیس نے مذہبی جماعت کے اسلام آباد میں مظاہروں، جلاؤ گھیراو کے مقدمات میں مطلوب 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا، دوسری طرف اٹک میں بھی جلاو گھیراو کرنے والوں کے خلاف 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کورال اور شہزاد ٹاؤن نے کاروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان نے ترامڑی چوک پر حملہ کرکے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو زخمی کیا تھا، ملزمان پر دہشت گردی، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے اوردفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات درج ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مختلف مقدمات میں مذہبی جماعتوں کے 20 کارکنان سمیت 100 سے زائد نامعلوم افراد نامزد ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے احکامات پر تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

دوسری جانب اٹک میں احتجاج کے دوران توڑپھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کرنیوالوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 4 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات سٹی، جنڈ، فتح جنگ اور پنڈی گھیب کے تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین