• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس ثاقب نثارکی کامیاب انجیوپلاسٹی، بندشریان کھول دی گئی

راولپنڈی(اے پی پی، نمائندہ جنگ )چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی دل کی بند شریان بیلون انجیو پلاسٹی کے ذریعے کھول دی گئی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اب انکی حالت خطرے سے باہر ہے، آج گھر جاسکیں گے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس عمر بندیال اور دیگرکی اسپتال جاکر چیف جسٹس کی عیادت کی۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ذرائع نے بتایاکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کوسینے میں درد اور گھٹن محسوس ہونے پر اتوار کے روز دن تقریباً پونے ایک بجے انکے اہل خانہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا جہاں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ جنرل (ریٹائرڈ )اظہر محمود کیانی نے ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا مکمل چیک اپ کروایا اور انکے تمام ٹیسٹ لیے گئے۔ ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ طبی تجزیئے کے بعد جسٹس ثاقب نثار کے دل کی ایک شریان کے بند ہونے پر ڈاکٹرز نے اسپیشل بیلون انجیو پلاسٹی کے ذریعے بند شریان کھول دی۔ بعدازاں چیف جسٹس ثاقب نثار کو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں 24سے 48گھنٹے تک زیر علاج رکھاجائیگا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے آپریشن کے بعد گفتگو بھی کی۔ جبکہ سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد ، سابق چیف جسٹس ناصر الملک، سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس عمر بندیال سمیت دیگر جج صاحبان نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چیف جسٹس کی عیادت کی۔ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر اسپتال کی سکیورٹی رینجرز نے سنبھال لی ہے۔
تازہ ترین