وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ چین سے امدادی پیکیج پر بات ہوئی ہے،مالیاتی پیکیج کے اعداد و شمار ابھی مفروضوں پر مبنی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ دونوں ممالک نے امدادی پیکیج پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین سے تعلقات قرض یا امداد سے نکال کر تجارت پر لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی کہاکہ چین سے تجارت یکطرفہ ہے،اقتصادی راہداری واقعی اقتصادی راہداری ہونی چاہیے۔
ان کا کہناتھا کہ ہماری حکومت کا سارا زور انڈسٹریلائزیشن،تجارت اور زراعت کے اوپر ہے۔
اسد عمر نے یہ بھی کہاکہ مغربی میڈیا پاک چین تعلقات خراب کرنے کے لیے غلط خبریں پھیلا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ طویل المدتی شراکت داری و سرمایہ کاری پر بھی بات ہورہی ہے،کسی ایک نہیں کئی دوست ممالک سے بات چیت جاری ہے۔