کراچی(اسٹاف رپورٹر) مالی مشکلات سے دوچار پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کیلئےکھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پی ایس بی کی یقین دہانی پر لاہور میں ایک دو روز میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہیڈ کوچ اور منیجر حسن سردار نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی سخت مالی مسائل سے دوچار ہیں، مگر ٹیم انتظامیہ نے انہیں کیمپ کے لئے راضی کیا ہے ۔حکومت کو ایشین چیمپئنزٹرافی میں گولڈ میڈ ل جیتنے پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرناچاہئے ، ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں مقابلوں سے قبل اگر انعامات دینے کا اعلان کیا جائے تو کھلاڑیوں کا عزم اور ارادہ مضبوط ہوگا۔