سکھر(بیورو رپورٹ)ایوان صنعت وتجارت سکھر کے صدر عامر علی خان غوری کی قیادت میں ایوان کے وفد نے آسٹریلین ٹریڈ کمیشن کی سینئر ٹریڈ اور انوسٹمنٹ کمشنر برائے جنوبی ایشیامس نکولا واٹکنسن اور ریجنل بزنس ڈیولپمنٹ منیجرطاہر محمودسے ملاقات کی، ملاقات کے دوران بالائی سندھ کی زرعی و صنعتی پیداوار پر اُنہیں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بالائی سندھ میں بیشتر صنعتوں کا انحصار یہاں کی زرعی پیداوار ہے جن میں خاص طور پر کھجور، چھوہارا، آم، اسٹرابری، امرود، چاول ، گندم، کپاس کی فصلیں قابل ذکر ہیں اور یہ مصنوعات بیرون ملک بھی بھجوائی جاتی ہیں، ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس ، پروسیزڈ فروٹس وغیرہ ملک بھر سے بھیجے جاتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ بالائی سندھ میں پیدا ہونے والی مصنوعات کی دنیا بھر میں رسائی کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں،ا یوان صنعت وتجارت پیدا ہونے والی ان زرعی مصنوعات کو دنیا بھر کی منڈیوں میں بھیجنے کی خواہشمند ہے تاکہ صنعت کاروں کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہو، خاص طور پر کاشتکاروں میں اس عمل سے تیزی سے خوشحالی آئے اور ان کے مالی معاملات بہتر سے بہتر ہوں، ایوان کے وفد نے اُن سے تبادلہ خیالات کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی پروسیسنگ کیلئے تکنیکی معلومات و مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے اُن کے تعاون میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ، انہوں نے اینیمل فیٹنگ و ڈیری فارمنگ کو جدید رجحانات کے مطابق ڈھالنے کیلئے آسٹریلیا کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اُٹھانے کی پیشکش کی جس سے معیاری گوشت اور دودھ کی ملکی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں جبکہ برآمدی زرعی اجناس و سبزیوں کو معیاری پروسیسنگ ،بہتر اسٹوریج و شیلف لائف سے بہتر قیمتوں پر فروخت کیا جا سکے گا۔