اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ادائیگیوں کے توازن کا ابتدائی مسئلہ ختم ہوگیا ہے‘ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ بنانا مذاق ہوگا،اپوزیشن ضد چھوڑ دے، زرداری انتخابات میں ملی ڈھیل کے مزے لیں، وہ کچھ بھی کرلیں مقبول نہیں ہوسکتے۔ اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے میڈیا پوائنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اْنہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مستحکم لانگ ٹرم اقدامات کی طرف جارہے ہیں، ملک میں اب استحکام ہے‘ پاکستان میں ادائیگیوں کے توازن کا ابتدائی مسئلہ ختم ہوگیا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تشکیل کے لئے اپوزیشن اپنی ضد چھوڑے، شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ کیسے بنایا جاسکتا ہے وہ نواز شریف کے دور حکومت کے آڈٹ اعتراضات کو تحفظ دے سکتے ہیں، ان کو چیئرمین لگانا مذاق ہے، اس حوالے سے جلد اپوزیشن کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا جائے گا۔