نواب شاہ‘خیرپور‘سکھر (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں گناہ گار بندہوں ‘نمازسے شایدبخشش نہ ہو‘ اس لئے عوام کی خدمت کرتاہوں‘اگلی حکومت پھر ہماری ہے‘ کچھ عناصر ہمارے اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ‘آبادی میں اضافے سے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں ‘عوام کی خوشحالی کیلئے فکرمندہیں ۔خیرپور کی تحصیل فیض گنج کے نواحی گاؤں خیر محمد ہیسبانی میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ یہاں ترقی کا عمل سست ہوا ہے‘ انہوں نے تقریب کے میزبان بخت علی ہیسبانی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ٹریک سے ہٹ گئے تھے لیکن اب ٹریک پر دوبارہ آگئے ہیں تو ترقی کی رفتار تیز ہوجائے گی اور کام بھی ہونگے‘انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سالوں میں ضروریات زندگی پوری کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے‘سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق زرداری کا کہناتھاکہ میں گناہ گار ہوں شاید نمازوں سے گناہ معاف نہ ہوں اس لئے عوام کی خدمت کرتا ہوں‘ سیاست عبادت کا نام ہے‘ انسانیت کی خدمت سے ہی بخشش ملے گی‘کارکن ادھر اودھر نہ جائیں‘ پیپلز پارٹی میں متحد رہیں ۔