اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی راجہ جاوید اشرف کی طرف سے نیب کو دھمکیاں دینے، دشنام طرازی کرنے اور نیب کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب ترجمان کاکہنا ہے کہ نیب کو ایسی دھمکیوں سے مرعوب یا خوف زدہ نہیں کیاجاسکتا۔نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے کسی دھمکی کو خاطر میں لائے بغیر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔