خیرپور (بیورورپورٹ‘ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے فساد کے ذمہ داروں سے این آراو کرلیا ‘ انہوں نے مولوی صاحبان کو چھوڑ دیا اوراب 1200غریبوں کو پکڑیں گے ‘لگتاہے حکومت کی انڈر 14ٹیم کھیل رہی ہے ‘سیاست میں کبھی حالات گرم کیے جاتے ہیں تو کبھی ٹھنڈے‘ شاید نواز شریف اور مریم نواز حالات ٹھنڈے کررہے ہیں‘ حکومت نے ہر چیز کی قیمت ڈبل کردی ہے، کوئی بیورو کریٹ ان حالات میں کام کرنے کو تیار نہیں‘ قوم کو نئے اورپرانے پاکستان کا فرق جلدسمجھ آجائے گا‘منظور وسان کا خواب کہتا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت مکمل نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو خیرپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔زرداری نے کہا کہ اس وقت حکومت میں انڈر 14ٹیم کھیل رہی ہے دیکھتے ہیں کیا کرتی ہے کیا نہیں کرتی،حکومت کی جو شروعات ہے وہ جس طرح دیکھ رہے ہیں وہ ابھی تک اپوزیشن موڈ میں ہیں‘ انہیں کہا ہے کہ ہمیں اپنا کام کرنے دیں ہم اپوزیشن ہیں، آپ حکومت کی طرح بات کریں ۔ سابق صدر نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی حکومت پر بھی اعتراض تھا وہ بھی کسی ڈیل کے ذریعے آئے تھے اور یہ بھی ایسے ہی آئے ہیں لیکن امریکا میں بھی ایسا ہوتا ہے آج تک ہیلری کتابیں لکھ رہی ہیں، جمہوریت میں یہ ہوتا ہے، یہ جمہوریت کی کمزوریاں ہیں لیکن پھر بھی جمہوریت بہتر ہے۔علاوہ ازیں آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میڈیا ہاؤسز سے ملازمین کو نکالے جانا قابل مذمت ہے۔