کوئٹہ(پ ر)بلوچستان کی مختلف طلباء تنظیموں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار، پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن آزاد، بلوچ طلباء ایکشن کمیٹی، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور جمعیت طلباء اسلام نظریاتی کا مشترکہ اجلاس بی ایس او کے وائس چیئرمین خالد بلوچ کی صدارت میں ہوا۔جس میں اتفاق رائے سے بلوچستان کے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں طلباء کو درپیش تعلیمی مسائل، تعلیمی سہولیات کے فقدان، تعلیمی اداروں میں میرٹ کی پاما لیوں، طلباء یونین کی بحالی، تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر ڈراپ آؤٹ کے ذریعے طلباء کو بے دخل کرنے ، بند ہاسٹلز کھولنے، جامعہ بلوچستان میں کرپشن کی تحقیقات اور دیگر مسائل پر طلباء ایجو کیشنل الائنس کے نام سے اتحاد قائم کر دیا گیا ہے اجلاس میں گزشتہ دنوں بولان میڈیکل کالج میں بی ایس او پجار کے کونسل سیشن کے دوران نا خوشگوار واقعہ کی مذمت کی گئی اور طلباء تنظیموں کے درمیان اتحاد واتفاق قائم کرنے پر زور دیاگیا،اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین بی ایس او پجار آغا داؤد شاہ، زونل سیکرٹری پی ایس او کبیر افغان، مرکزی صدر پی ایس ایف آزاد زبیر شاہ آغا، مرکزی صدر جمعیت نظریاتی حمید خان شیرانی، مرکزی سیکرٹری ا یچ ایس ایف مجتبیٰ زائد، وائس چیئرمین بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی، ملک زبیر بلوچ، ندا سنگر، احسان آغا، شمال خان، فاروق بلوچ، سیف اللہ بلوچ، طارق بلوچ، صمد بلوچ، خالد، لطیف کاکڑ، شیر اسلام ، محمد ولی، نجم بلوچ، عمران بلیدی، الطاف حسین، رفیع اللہ اوردیگر نے شرکت کی۔