• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن معمول ، کوئی پرسان حال نہیں، شہریوں کو اذیت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے اور گزشتہ روز شہر میں ایک بار پھر بریک ڈاؤن ہوا اور صبح ہوتے ہی آدھے شہر کی بجلی غائب ہوگئی اور تقریباً 7؍ گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی ، بجلی کے بڑے بڑے بریک ڈاؤن سے متعلق شہر کا کوئی پرسان حال نہیں اور شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے ، الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے پیر کی صبح اچانک بجلی منقطع ہونے سے کچھ علاقوں میں فراہمی متاثر ہوئی، تاہم کے الیکٹرک کے جنریشن یونٹس آئی لینڈ موڈ میں لینڈ کرنے کی بدولت جلد از جلد ممکنہ بحالی کویقینی بنایا گیا۔ ادھر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو 173ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو علی الصبح ساڑھے 6 بجے قریباً آدھا شہر بجلی سے محروم ہوگیا اور مختلف علاقوں نیوکراچی، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، قیوم آباد، گلستان جوہر، کیماڑی ، گارڈن ویسٹ ، عظیم پلازہ ، عثمان آباد ، حسن لشکری ولیج اور دیگر جگہوں کی بجلی معطل ہوگئی، جو بتدریج 2 سے 7 گھنٹے کے دوران مختلف علاقوں میں بحال ہوئی۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے بجلی کے طویل بریک ڈائون پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء کے الیکٹرک نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث نیشنل گرڈ سے اچانک سپلائی منقطع ہونے کے باوجود کے الیکٹرک کے جنریشن یونٹس نے بحفاظت آئی لینڈ موڈ پر کام کرنا شروع کردیاتھاجس کی بدولت شہر میں بجلی کی جلد از جلد بحالی یقینی بنائی گئی۔ کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے معزز صارفین کو پہنچنے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہیں ۔ ادھر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو 173ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا ،واٹربورڈ کے عملے نے مختلف اوقات میں بجلی بحال ہوتے ہی پمپنگ اسٹیشنوں سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق شروع کردی۔

تازہ ترین