کوئٹہ(پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں کوئٹہ میں قلت آب کے سنگین مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہر بھر کے عوام کو ٹینکر مافیا کے حوالے کر کے محکمہ واسا اور بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں اور فرائص سے غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں،شہر کے مختلف ٹیوب ویل آئے روز خرابی کا شکار ہوجاتے ہیں جسکی وجہ سے صارفین کو پینے کے پانی کی بدترین قلت کا سامنا ہے اور یوں لگتا ہے کہ ایک سازش و منصوبہ بندی کے تحت شہر کے تمام ٹیوب ویلوں کو روزانہ کی بنیاد پر کسی نہ کسی قسم کے مسائل سے دوچار کر کے خراب کیا جاتا ہے،ٹیوب ویل آپریٹر اور وال مینوں پر موثر چیک اینڈبیلنس کی عدم موجودگی اور بلدیاتی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث بعض ٹیوب ویل ہر روز خراب ہوجاتے ہیں جسکی وجہ سے آبادی کا ایک بڑا حصہ پینے کے پانی سے محروم ہےجبکہ اس وقت کوئٹہ کے شہری قلت آب کے ساتھ گیس پریشر میں کمی اور بندش کا بھی سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔بیان میں پارٹی کے بلدیاتی نمائندوں سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ اپنے فرائض نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ ادا کرتے ہوئے تمام ٹیوب ویل آپریٹروں اور وال مینوں کی کارکردگی پر نظررکھتے ہوئے عوام کی مشکلات و مسائل کے حل میں مثبت کردار کریں گے ۔