لاہور(نمائندہ جنگ) نیب لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں ملوث پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتارکر لیا اورلاہور ہائیکورٹ نے پیراگون سٹی ہائوسنگ سکیم میں بے ضابطگیوں کے کیس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک تیسری بار توسیع کر دی نیب ذرائع کے مطابق قیصر امین بٹ کو بدھ کی صبح سندھ سے گرفتار کیا گیا ۔ نیب لاہور کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ قیصر امین بٹ سندھ کے شہر حیدرآباد اور کراچی میں اپنے قریبی عزیز کے گھر میں رہائش پذیر ہیں کبھی حیدرآباد چلے جاتے ہیں کبھی کراچی جس پر نیب کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سکھر میں چھاپہ مار کر قیصر امین بٹ کو گرفتار کر لیا قیصر امین بٹ کو نیب نے کئی بار طلب بھی کیا مگر نیب میں پیش نہ ہوئے۔ نیب ذرائع کے مطابق سندھ حکومت سے قانونی کارروائی مکمل کر کے قیصر امین بٹ کو لاہور منتقل کر دیا جائے گا جہاں مقامی عدالت سے ریمانڈ لیکر تفتیش شروع کی جائے گی۔ نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روز پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کرلیا۔ نیب لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کے ایک اہم گواہ سلمان شاہ کو خط لکھ کر طلب کیا تھا۔ اس کیس کے اہم گواہ نے نیب کے ڈائریکٹر لیول کے افسر کو تمام شواہد کے ساتھ بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ذرائع کے مطابق اس گواہ کا تعلق لاہور کے علاقے گلبرگ سے ہے اور یہ بیرون ملک بھی مقیم رہا۔دورسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون سٹی ہائوسنگ سکیم میں بے ضابطگیوں کے کیس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک تیسری بار توسیع کر دی ۔