لاہور(نمائندہ جنگ)جگر کی پیوند کاری کیلئے اب بھارت جانے کی ضرورت نہیں، پاکستان میں بچوں کی جگر کی پیوندکاری کا پہلا آپریشن رواں ماہ کے آخر میں ہوگا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جگر کی پیوند کاری نہ ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ جگر کی پیوند کاری کا پہلا آپریشن رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں ہوگا، امریکا سے دو ماہر ڈاکٹر بچوں کی جگر کی پیوند کاری کیلئے پاکستان میں اپنی خدمات سرانجام دینگے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان میں اسی ماہ کے آخر میں پہلی بار بچوں کی پیوندکاری کا پہلا آپریشن ہونے جا رہا ہے، جذبے سے کام کرنے والے دو ڈاکٹرز پاکستان تشریف لے آئے ہیں دونوں ڈاکٹرز پے کے ایل آئی میں بچوں کے جگر کہ پہلی پیوندکاری کرینگے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چلڈرن اسپتال میں جگر کے مرض میں مبتلا بچوں کی لمبی فہرست ہے جب کہ پیوندکاری کے لیے بھارت جانا پڑتا ہے جس کا ویزہ بھی نہیں ملتا۔