پشاور(نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے مردان جیل میں عرصہ 10سال سے پڑے عمر قید کے سزایافتہ غریب قیدی کےلئے صوبائی حکومت کو قانونی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخوست گزار اشتیاق احمد کا وکیل پیش ہوا عدالت کو بتایا گیا کہ قتل اور اقدام قتل کے کیس میں ملوث ملزم قیصر سکنہ شہباز گھڑی مردان کے وکیل نے وکالت نامہ واپس لے لیا ہے جس پر فاضل جج نے سپرنٹنڈنٹ مردان جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری عدالت طلب کرلیا اور کہا کہ سپرنٹنڈنٹ مردان جیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ بروقت عدالت کو آگاہ کریں ، مردان جیل کے حکام عدالت میں پیش ہوئے اور ملزم کی جانب سے بیان عدالت میں جمع کرایا کہ ملزم کے پاس وکیل کو دینے کےلئے فیس کی رقم نہیں ہے لہذااسے سرکاری طورپروکیل فراہم کیا جائے تاکہ اسے انصاف فراہم ہوسکے۔ فاضل بنچ نے ابتدائی دلائل کے بعد صوبائی حکومت کو ملزم کےلئے وکیل کا بندوبست کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اپیل کی سماعت اگلی پیشی تک ملتوی کردی۔