سندھ حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرکے مشکل آسان کردی جس کے بعد ڈیلی الاؤنس سے محروم کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں شرکت سے پہلے ان کے پیسے ادا کردیئے جائیں گے۔
بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے فنڈ کی کمی کے باعث پاکستان ہاکی ٹیم کی روانگی میں تاخیر ہورہی تھی ، ایسے میں سندھ حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرکے ان کی مشکل آسان کردی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضی وہاب کے مطابق ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 10 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے ، گرانٹ کب اور کیسے خرچ کرنی ہے یہ صوابدید ی اختیار فیڈریشن کو حاصل ہے ۔
10 کروڑ کی گرانٹ سے کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے ڈیلی الاؤنس کی مد میں ملنے کا بھی امکان ہے ۔
ورلڈ کپ 28نومبر سے بھارت کے شہر بھونشور میں شروع ہوگا جس مین شرکت کیلئے پاکستان ٹیم 25نومبر کو بھارت روانہ ہوگی۔