پشاور(خصوصی نامہ نگار) ضلع صوابی کے ایک چھوٹے سے گائوں امبار سے تعلق رکھنے والی خاتون مارشل آرٹس کھلاڑی دانش سعید نیپال میں سائوتھ ایشین ووشو گیمزکیلئے قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں،وہ خیبر پختونخواکی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جونیپال میں ایشین گیمز کیلئے قومی ووشو ٹیم کا حصہ بن کر ملک کی نمائندگی کریںگی۔21سالہ دانش سعید کاکہنا ہے کہ وہ کرکٹ ،بیڈمنٹن اور ہاکی بھی کھیلاکرتی تھی، خیبر پختونخوانڈر23گیمز میں اپنے ریجن کیلئے ووشو میں گولڈ میڈل جیتاجس کے بعد ووشوپر توجہ دینے لگی ۔انہوں نے کہاکہ والد انہیں مارشل آرٹس کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے تاہم جب انہوں نے کارکردگی دیکھی تو پھر اجازت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ٹرائلز میں70سے زائد ویٹ کیٹگری میں پاکستان آرمی کی قومی گولڈ میڈلسٹ صفورہ بی بی کو شکست دیکر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ نیپال میں سائوتھ ایشین گیمزمیںگولڈ میڈل جیت کر سرخروہوکر وطن لوٹیں گی ۔قومی ٹیم میں پشاور کے رفاق سرور60کے جی ،70کے جی میں تیمور جاویداور65کے جی میں سوات کے حیدر علی شامل ہیں۔