وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کو ٹیلیفون کرکے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملےسے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب سے وعدہ کیا کہ واقعہ کے گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے حملہ ناکام بنایا،جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تمام حملہ آواروں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی مضبوط بنیادوں پراستوار ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں اس دوستی پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاک چین دوستی اور سی پیک کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، جسے کچل دیا گیا،آج کے اس مذموم واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے بروقت کارروائی کرنے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی، پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین اور پاکستان ہرحالات میں اسٹریٹجک پارٹنرہیں، سی پیک، چینی باشندوں،اداروں کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں۔