• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ٹی ایل پی مظاہرے، متعدد موٹر سائیکلیں نذر آتش، 36 گرفتار


تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مشتعل مظاہرین نے متعدد موٹر سائیکلیں نذرآتش کی ہیں۔

پولیس اور رینجرز نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں 36 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف مشتعل مظاہرین نے نمائش چورنگی اور ٹاور پر احتجاجی مظاہرے کیے۔

مشتعل مظاہرین نے نمائش چورنگی کے قریب متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا کر جلا دیا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مشتعل مظاہرین نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ بھی کیا، مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

متعدد آنسو گیس کے شیل گھر وں میں گرنے سے وہاں کے مکینوں کی حالت بھی خراب ہوگئی۔

مشتعل مظاہرین کے احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ آنے والے ٹریفک کو سوسائٹی سے پیپلز سیکریٹریٹ سے واپس سوسائٹی بھیجا گیا۔

نوائے وقت سے آنے والے ٹریفک کو پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی سے کوریڈور تھری پر بھیجا گیا جبکہ بریٹو روڈ سے نمائش آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار کی جانب بھیجا گیا۔

کیپری سے نمائش آنے والے ٹریفک کو بھی بہادر یار جنگ روڈ اور سولجر بازار کی طرف موڑا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق شہر بھر سے 36 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار مظاہرین خادم حسین رضوی کی گرفتار پر احتجاج کر رہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں کسی بھی مقام پر آج احتجاج نہیں ہورہا ہے،شہر بھر کی سڑکیں معمول کے مطابق کھلی ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مظاہرے کے نتیجے، پولیس رینجرز سے تصادم، پتھراؤ اور ڈنڈوں سے زخمی ہونے والے 3افراد کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین