• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

22نومبر 1984ء کو نیویارک میں پیدا ہونے والی اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل اسکارلیٹ اِنگرڈ جانسن حالیہ دور میں ’’ ہالی ووڈ کی مارلن منرو‘‘ کہلاتی ہیں۔ انہوں نے ایکشن ، سائنس فکشن اور نفسیاتی کرداروں میں اپنا لوہامنواتے ہوئے2001ء میں ’’گھوسٹ‘‘ میں شاندار اداکاری سے ناقدین کا دل موہ لیا۔ انہوں نے ’لاسٹ اِن ٹرانسلیشن‘، ’ہر‘،’آئرن مین 2‘، ’دی ایونجرز‘ اور’لوسی‘ سمیت لگ بھگ 40 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ جوہر دکھا کر کئی فلم ایوارڈز اپنے نام کیے۔ وہ ہالی ووڈمیںسب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ مانی جاتی ہیں۔ اسکارلیٹ جانسن جیسی مہنگی ترین اداکارہ کا طرزِ رہائش بھی کافی پُرتعیش ہے۔ آئیے آپ کو نیویارک کے قرب ’پَیلاسیڈز‘ میں واقع ان کے ’Ivy House‘کے بارے میں بتاتے ہیں۔

بیل بوٹوں،سبزہ زار سے ڈھکا گھر

بیل بوٹوں اور سبزہ زار سے ڈھکا ان کا Ivy Houseچار بیڈ روم، چار باتھ روم اور سوئمنگ پُول پر مشتمل ہے۔ یہ گھر4ہزار مربع فٹ سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اینٹوں سے بنا آنگن اور راٹ آئرن کی بالکنی اس بنگلے کی دلکشی میں اضافہ کرتی ہیں۔ اس خوبصورت گھر کے سابقہ مالکان میں برطانوی نژاد لیجنڈری اداکار ہ برینڈا فوربس بھی شامل ہیں، جن کا ذوقِ آرائش اس گھر میںخوب جھلکتا ہے۔ اس میں اسکرین آئیکون کیتھرین ہیپ برن کی قد آدم تصویر بھی موجود ہے، جن کا اس گھر میں آنا جانا لگا رہتا تھا۔ وہ برینڈا کی قریبی دوست مانی جاتی تھیں۔ نیویارک راک لینڈ کاؤنٹی ’ہیملٹ‘ کےپَیلاسیڈز ساحل پر واقع اس بنگلے کو اسکارلیٹ جانسن نے موسمِ گرما کی چھٹیوں گزارنے کے لیے4ملین ڈالر میں خریدا، جہاں سے دریائے ہڈسن کا نظارہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

امریکی تاریخ سے بھرپور فن تعمیر

بنگلے کی تعمیر میں آپ کو ہر قدم پر امریکی تاریخ دکھائی دے گی۔ اس بنگلے کا ڈیزائن معروف آرکیٹیکٹ ایرک گگلر کی کاوش ہے،جن کی خدمات سابق امریکی صدر فرینکلن ڈی رُوز ویلٹ نے بھی وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ کو ڈیزائن کرنے کے لیے حاصل کی تھیں۔ اب آپ بخوبی اندازہ لگاسکتے ہیں کہ اسکارلیٹ کے ذوق کا معیار کتنا اعلیٰ ہے۔

اسکارلیٹ کا نیا گھر اپنے کشادہ کمروں، کھڑکیوں، بالکنیوں، دالانوں، سوئمنگ پُول، خوبصورت باغ، بیل بوٹوں اور نیلگوں آسمان کے امتزاج سے ایسا سماں پیش کرتا ہے کہ اندرونی و بیرونی مناظر ہم آغوش ہوجاتے ہیں۔ بڑی بڑی کھڑکیوں سے باہر کا مسحورکن منظردیدہ زیب دکھائی دیتا ہے۔ کمروں کی اندرونی آرائش میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ کمرہ فرنیچر سے بھرا ہوا نظر نہ آئے۔ گھر میں داخل ہوتے ہی یہ احساس ہوتا ہے کہ کشادہ ہال میں لگا فانوس روشنی کے لیے کافی ہے۔ ڈرائنگ روم جدید فرنیچر کی زیبائش کے ساتھ کلاسک لُک دیتا ہے۔ بیڈ روم میں کشادہ آتش دان سردیوں میں کمرے کو گرم رکھنے کا انتظام کرتے ہیں۔ سوئمنگ پُول کی طرف آئیں تو یہاں بھی بیٹھنے کے لیے خوبصورت میز اور کرسیاں سجی ہوئی ہیں،جہاں نہانے کے بعد بیٹھ کر ناشتہ کیاجا سکتا ہے۔ محرابی طرز کاکشادہ دروازہ ایک کھلے صحن سے ہوتے ہوئے بیڈ روم کی طرف جاتا ہے، جہاں ایک صوفہ ،بیڈ اور چند مصوری کے شاہکار آویزاں ہیں۔ فریسکو ڈنر کے لیے ایک الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔

مشہور لوگوں کا تفریحی آشیانہ

اسکارلیٹ جانسن کی جانب سے راک لینڈ کاؤنٹی ’ہیملٹ‘ میں خریدے گئے نئے آشیانےIvy House کو گزرے برسوں میں کئی سیلیبرٹیز نے اپنا مسکن بنایا، جہاں وہ شوٹنگ کی بے پناہ تھکن اُتارنے کے لیے یہاں آتے تھے۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں بنے ’’اِن کلیو ہوم‘‘میں انجلینا جولی اور ہیڈن پینی ٹیری نے اپنے بچپن کے دن گزارے جب کہ ایل پچینو، ایڈن کوئن، بل مُرے، بجورک، جیسیکا لینگ، میخائل بیرش نوف اور ڈائنے سائرزجیسی مشہور شخصیات بھی یہاں رہتی ہیں۔ اسی جگہ کو اسکارلیٹ جانسن نے اپنے خوابوں کا گھروندہ بنایا ہے، جہاں کے ہرایک کشادہ بیڈ روم سے دریائے ہڈسن کا مسحور کن نظارہ آنکھوں کو تازگی اور روح کو تراوٹ سے بھر دیتا ہے۔ نیویارک کے شور شرابے سے دوریہ پُر فضا اور خاموش مقام آرام و سکون کے لیے جنتِ ارضی کا سماں پیش کرتا ہے۔ یہاں کے مکانات مکمل چہار دیواری کے ساتھ بیرونی مداخلت سے محفوظ ہیں۔اس معاملے میںاسکارلیٹ جانسن بہت سخت ہیں،وہ عوامی مداخلت قطعی پسند نہیں کرتیں،’’میں اپنی ذاتی زندگی کی حفاظت کرتی ہوں۔ میں نہیں سمجھتی کہ اگر آپ عوام کی نظروں میں ہیں تو آپ کی زندگی بھی عوامی ہے۔ میں اداکارہ ہونے کے ساتھ ایک انسان بھی ہوں، جسےتنہائی اور سکون چاہیے‘‘۔

تازہ ترین