• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس پاکستان کی ڈیمز فنڈریزنگ مہم میں تین نوجوان پیش پیش

کوونٹری(وقار ملک) ڈیم ہماری زندگی اور پاکستان کی سلامتی و دفاع کے لیے ضروری ہے ڈیموں کی تعمیر ایک خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے اگر یہ نقطہ سمجھ آگیا تو مخالفت کرنے والے بھی اس نیک مقصد کا حصہ بن جائینگے ان خیالات کا اظہار 3دوستوں نے کیا جو برطانیہ میں پیدا ہوئے کاروبار برطانیہ اور دوبئی کرتے ہیں لیکن ان کا دل پاکستان میں رہتا ہے تینوں نوجوان ڈیم فنڈ کی مہم میں پیش پیش ہیں عوام کو ڈیم کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرتے ہیں اور ہر اس جگہ جاتے ہیں جہاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار فنڈنگ کرتے ہیں۔ یہ تینوں نوجوان ہر پروگرام میں شرکت کرکے ہزاروں پونڈ جمع کرواتے ہیں ۔ راجہ دلشاد،راجہ عثمان،راجہ ندیم کا اتفاق اور پاکستان سے محبت دیدنی ہے تینوں پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان رب ذوالجلال کا ایک بہترین تحفہ ہے جس کی حفاظت اور تعمیر ہمارا فرض ہے ،ہمیں متحد منظم ہو کر اپنی سوہنی دھرتی کو خوشحال بنانا ہے اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ڈیم کی تعمیر کرنا ہوگی جس میں ہماری نوجوان نسل کا مستقبل پوشیدہ ہے ،انھوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مل کر ڈیم فنڈز کے لیے یورپ تقریبات کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں قانون کی پاسداری اور اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا ،ہمارے اوورسیز پاکستانی اس لیے پاکستان کا رخ نہیں کرتے کیونکہ انھیں پاکستان کے سسٹم پر اعتماد نہیں ہے ،بے قصور انسان کو پکڑ لیا جاتا ہے اور پابند سلاسل کر دیا جاتا ہے وہ اس سلسلے میں چیف جسٹس سے ملاقات کر کے ان تمام امور پر بات کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے اوورسیز کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہو سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ وہ ہر اس پروگرام میں جائیں گے اور پہلے سے زیادہ فنڈنگ کریں گے جس میں چیف جسٹس جائیں گے کیونکہ ہمارا اعتماد ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار قوم کے مسیحا ہیں جن کے ذریعے پاکستان ترقی کر سکتا ہے انھوں نے کہا کہ میاں ثاقب نثار کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے سے ڈیم منصوبہ کامیاب ہو سکتا ہے، وہ تینوں دوست مل کر اس منصوبہ کو کامیاب بنانے کے لیے نہ صرف دعا گو ہیں بلکہ مکمل تعاون کریں گے۔
تازہ ترین