خانیوال،ملتان (نمائندہ جنگ،سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویثرن عمران سکندر بلوچ او رآرپی او ملتان وسیم احمد خاں نے سرکٹ ہاؤس خانیوال میں کھلی کچہری کے دوران مختلف محکموں سے متعلق عوام کی شکایات او رمسائل براہ راست سنے۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویثرن عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ عوام کھلی کچہریوں اور اوپن ڈور پالیسی کے اوقات کے دوران دفاتر میں انفرادی اور اجتماعی مسائل کی نشاندہی بلاخوف وخطر کریں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویثرن بھر میں کسی کو بھی سرکاری ونجی زمینوں پر ناجائز قبضہ اور کسی کی حق تلفی کی قطعاً اجازت نہیں دی جائیگی ‘افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفاترمیں موجود رہیں او رعوامی شکایات کے ازالہ کو یقینی بنائیں ۔ آرپی او ملتان وسیم احمد خاں نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریجن بھر میں صبح دس بجے سے بارہ بجے دن تک ڈی پی او ز اور ایس ڈی پی او ز جبکہ تین تا پانچ بجے شام تک تھانوں کے ایس ایچ اوز عوام کی داد رسی کے لیے موجود ہونگے ۔آرپی او نے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ جہانیاں کو شوکازنوٹس دیا ۔ کمشنر عمران سکندر او رآرپی او ملتان وسیم احمد خان کی کھلی کچہری میں محکمہ پولیس ‘محکمہ مال ‘صحت ‘تعلیم ‘ہائی ویز ‘واپڈا اور زراعت سمیت دیگر محکموں بارے عوام نے اپنی شکایات اور درخواستیں پیش کیں۔کھلی کچہری میں آرپی او نے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ جہانیاں کو شوکازنوٹس اور ایس ایچ او تھانہ سٹی خانیوال کو معطل کرنے کے احکامات دیئے۔