جسٹس اطہر من اللہ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزراء، ہائیکورٹس کے ججز، سینئر وکلاء اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے جسٹس انور کاسی کے بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ریٹائر ہونے پر چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
واضح رہے کہ وہ 17 جون 2014 کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے اور اب بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ 11 دسمبر 2023 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔