سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے کبھی بھی پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا، پٹھان کوٹ واقعہ ہو یا کوئی اور ایشو حکومت پارلیمنٹ میں بتانے کو تیارنہیں، ہمیں اطلاعات نہیں ہیں اور نہ ہی ہمیں اعتمادمیں لیا گیا ہے، اگر حکومت پٹھان کوٹ معا ملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتی تو ہم بھارت کو جواب دیتے،حکومت نہ صرف عقل کل ہے بلکہ مکمل عقل کل ہے،وہ خود فیصلے کر تی ہے ،مردم شماری کو ملتوی کرنا بڑی زیادتی ہے، مردم شماری کو اسی سال مکمل کرنا چاہیئے، مردم شماری نہ کرانا حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے،خواتین کے بل پر مردوں کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے اگر مولانا فضل الرحمان نے بیان دیا ہے تو مولانا صاحب خود ہی بہتر بتاسکتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا زیادتی ہوئی ہے، ڈی جی ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، پہلے بات کر کے بحث شروع کرادیتے ہیں، اگر صورتحال بدستور یہی رہی کہ سندھ میں احتساب ہو اور پنجاب میں احتساب نہیں ہوگا تو اس احتساب کو کون مانے گا۔