دھابیجی کے قریب کوسٹل ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے دو کارندے ہلاک ہو گئے، ملزمان گزشتہ شام مومن آباد میں ہونے والے پولیس پر حملے میں بھی ملوث تھے۔
ایس ایس پی شبیر سیٹھار کے مطابق دھابیجی پولیس نے کوسٹل ھائی وے پر چیکنگ کے دوران ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل پر سوار دونوں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے بتایا جاتا ہے اور ان کی شناخت شہزور اور عقیل کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق دونوں ملزمان گزشتہ شام کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے دو پستول برآمد ہوئے ہیں۔