• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای کامرس کا سب سے بڑا کھلاڑی ایمیزون اب حقیقی معنوں میں اسمارٹ ہومز بنانے میں معاونت کررہا ہے۔اپنے الیکسا فنڈ کے ذریعے وہ درجنوں کاروباروں کیلئے لاکھوں ڈالرز خرچ کررہا ہےتاکہ وہ اپنی اسمارٹ ہوم مصنوعات کا عملی مظاہرہ دکھا سکے۔ اسمارٹ ہومز کی تعمیر کا معاہدہ پلانٹ پری فیب (Prefab) سے طے پایا ہے۔ ماحول دوست ان مکانات میں مستحکم و دیرپا تعمیر، مٹیریل، پروسیس اور آپریشنز پر زور دیا جائے گا۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ روایتی تعمیرات کے مقابلے میں اسمارٹ ہومز کی تعمیر پر لاگت میں10سے25فیصد کمی آئے گی جبکہ وقت بھی آدھا لگے گا۔ کم معیاری ماڈیولر گھر بنانے والی ہم عصر کمپنیوں کے مقابلے میں پلانٹ پری فیب کی مکمل توجہ اعلیٰ معیار کے کسٹمائزڈ گھروںکی تعمیر پر ہوتی ہے۔

اسمارٹ ہومز ٹیکنالوجی میں ایسی ڈیوائسز استعمال کی جاتی ہیں، جو گھر میں موجود برقی سامان اورسسٹمز کو انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سے منسلک کرکے اسمارٹ فون سے چلائیں۔ اسمارٹ لاک، اسمارٹ ڈور، اسمارٹ وائس اسپیکر،اسمارٹ فریج، اسمارٹ ایئر کنڈیشنرز،اسمارٹ سیورز،اسمارٹ فین، اسمارٹ مائیکرو ویو سمیت گھر میں موجود تمام برقی سامان کو خودکار انداز میں کھولا جاسکتا ہے۔ گھر سے باہر ہونے کی صورت میں گھر کی نگرانی ممکن ہے۔ اس وقت ایمیزون کے امریکا میںکام کرنے والے تمام اسٹورز اسمارٹ ہیں، جہاں سامان کی ترسیل کا خودکار نظام نصب ہے۔ اسمارٹ ہومز کیلئے تمام ڈیوائسز بھی ایمیزون ڈاٹ کام پر آن لائن موجود ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ کسٹمر کیئر سینٹرز کو اسمارٹ کرنے کے ساتھ رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے کمرشل بنیادوں پر اسمارٹ  ہومز بھی بنائے جائیں گے۔ اس وقت امریکا، چین، جاپان، فرانس، برطانیہ، روس اوربھارت میں اسمارٹ سٹیز پروجیکٹس پر زور و شور سےکام ہورہا ہے جبکہ پاکستان میں بھی اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے کئی بلڈرز اور ڈیویلپرز مختلف منصوبوں پر غور کررہے ہیں۔ اس میں سب سے اہم کامیابی اس وقت ہوگی جب ہم فائبر آپٹکس سسٹم کو وائرلیس بناکر جدت سے ہم کنار کریں گے۔

انٹیلی جنٹ وائس ٹیکنالوجی

ایمیزون اسمارٹ ہومز کی سب سے خاص بات ’’الیکسا انٹیلی جنٹ وائس ٹیکنالوجی‘‘ ہے ،جس کی تنصیب سے اسمارٹ گھر میں وہی داخل ہوسکیں گے، جن کے چہرے اور آواز کی شناخت ہوگی۔ دروازے کا اسمارٹ لاک آپ کو پہچانے کے بعد ہی کھلے گا۔ اسی پروڈکٹ کا عملی مظاہرہ دیکھنے کے لیے ایمیزون اسمارٹ ہوم شو رومز اور اسمارٹ کسٹمر کیئر سینٹرز اوراسمارٹ ویئر ہاؤسز کا تصور سامنے آیا، جہاں مکمل خودکار مصنوعی ذہانت رکھنے والے روبوٹ برق رفتار سے کام کرتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کی خوبیوں کے بارے میں الیکسا فنڈ ڈائریکٹر پال برنارڈ کا کہنا ہے، ’’اسمارٹ ہومز میں وائس ایک خوشگوار ٹیکنالوجی کے روپ میں شامل ہوگی اور3500مختلف برانڈز سے خریدی گئی ڈیوائسز20ہزار سے زائد اسمارٹ ہومز میں نصب کرکے انہیںحقیقی معنوں میں اسمارٹ گھر بنایا جائے گا۔ پلانٹ پری فیب ہوم ڈیزائن، گھر سازی میں ابھرتا اختراعی کھلاڑی ہے اور ہم بہت پرجوش ہیں کہ جب یہ اسمارٹ ہومز بن جائیں گے تو کسٹمرز اور ڈیولپرز سے رابطہ اور رسائی آسان ہوجائے گی‘‘۔

ایمیزون رئیل اسمارٹ ہوم شوروم

واشنگٹن میں ڈاؤن ٹاؤن سے گھنٹے بھر کی مسافت پرواقع ورجینیا کے شہر ایلڈی میں عمارت سازی کے بڑے نام لینر اسمارٹ ہومز(Lennar smart homes) بلڈرز، ڈیولپرز نے ایمیزون کا اسمارٹ شوروم بنایا ہے،جہاں ایمیزون کی تمام اسمارٹ ہوم مصنوعات کا استعمال کرتے ہوئے دیواروں،چھتوں کے اندر انٹرنیٹ وائرنگ، خودکار شناخت کرنے والے لاکر، دروازے اور اسمارٹ کچن کی تمام سہولتیں موجود ہیں، تاکہ خریداران مصنوعات کا حقیقی استعمال کرتے ہوئے گھر جیسا ماحول اور قرار حاصل کر سکیں۔ یہ’وائی فائی سرٹیفائیڈ شو روم‘ ہے۔ ایسے ہی پروجیکٹس پر پری فیب بھی کام کر رہا ہے،جن میں اسمارٹ ہوم شو رومز، اسمارٹ کسٹمز کیئر سینٹرز اور اسمارٹ ویئر ہاؤسز شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر15شہروں میں اسمارٹ ہوم ماڈل دکانیں، گودام اور دفاتر بنائے جائیں گے، جس کا دائرہ کار پہلے امریکا میں اور پھر پوری دنیا تک پھیلاتے ہوئے خلاؤں میں نئے اسمارٹ ہومز قائم کیے جائیں گے اور اس کے لیے الگ سےخلائی کمپنی بلیو اوریجن کام کر رہی ہے۔

اسمارٹ ہومز کا مستقبل

ایمیزون اپنے اسمارٹ ہومز کی تعمیر میں سنجیدگی سے کام کررہا ہے، جس میں ایلکسا کی وائس ٹیکنالوجی اور ایکو سسٹم کے ذریعے اسمارٹ گھر ایک دوسرے سے انٹرنیٹ آف ایوری تھنگ سے منسلک ہوں گے۔ اس میں نئے ایکو اسمارٹ اسپیکر، فائر ٹی وی ڈیوائسز اور بلٹ ان ڈیش بٹن کے ساتھ آواز سے چلنے والے مائیکرو ویو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مصنوعات کو فروخت کرنے کیلئے اسمارٹ کسٹمر کیئر سروسز شروع کردی گئی ہے، جس کا ڈیزائن اور ٹیکنالوجی اسمارٹ ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ایمیزون کے اسمارٹ گودام بھی بنائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایپل، مائیکرو سافٹ، فیس بک، گوگل جیسے بڑے ٹیکنالوجی گروپس نے بھی اسمارٹ ہومز بنانے شروع کردیئے ہیں۔ اس لئے کہا جاسکتا ہے کہ اسمارٹ ہومز کا مستقبل محفوظ  ہے۔ ایمیزون امریکا کا تیسرا بڑا ’’ڈیجیٹل اشتہارات‘‘ کا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔پہلی اور دوسری پوزیشن فیس بک اور الفابیٹ کو حاصل ہے۔ آنے والے برسوں میں ایمیزون کے اشتہاری کاروبار میں بھی اضافے کی شنید ہے۔

تازہ ترین