ملتان(نمائندہ جنگ) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ جنوبی پنجاب صوبےکےقیام کیلئے تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں، اس مقصدکیلئے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سےجلد رابطہ کرونگا، غیرملکی سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافے سے ڈالر پر پریشر کم ہوگا، جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ ترقیاتی بجٹ مختص کرینگے، بھارت میں نئی حکومت کے آنے تک کسی بریک تھرو کا امکان نہیں، بھارتی آرمی چیف کے بیان سے ہمیں کو ئی فرق نہیں پڑتا وہ بے معنی ہے، کرتار پورکوریڈور کی تعمیر پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے،بھارتی حکومت نےنہ چاہتے ہوئےبھی اپنی کابینہ کااجلاس بلا کرہمارے اس منصوبے کی منظوری دی۔میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے وزیرخارجہ نےکہاکہ کرتار پرکوریڈور70 سال سےسکھ کمیونٹی کی آرزوتھی،دنیا بھر سےسکھ کمیونٹی نےپاکستان کےاس فیصلےکوسراہا ،میری خواہش تھی کہ بھارتی وزیر خارجہ اس تقریب میں شریک ہوتیں لیکن بھارتی حکومت نےاپنے دو وزیروں کواس تقریب میں شرکت کیلئےبھیجا جس کاہم نےخیرمقدم کیا،خطےمیں امن عمران خان اورتحریک انصاف کی حکومت کی خواہش ہے ۔وزیرخارجہ نےکہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ ہماری خواہش بھی ہےاورمنشور کاحصہ بھی،الگ صوبے کیلئے آئینی اورقانونی ترمیم کی ضرورت ہےجس کیلئے اپوزیشن کی سپورٹ درکار ہے،انہوں نےکہا کہ آئندہ مالی سال میں جنوبی پنجاب کیلئے بجٹ میں علیحدہ ترقیاتی فنڈمختص کیاجائیگاجو صرف جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہوگا،صوبہ بننے تک ایگزیکٹو آرڈرکے ذریعے سب سیکریٹریٹ کی تعمیر اور دیگر اقدامات کیےجارہے ہیں تاکہ عوام کواپنےمسائل کےحل کیلئے لاہور نہ جانا پڑے۔