کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں جرمنی کے ہاتھوں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جرمنی کی مضبوط ٹیم کے خلاف پاکستان نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بھارتی ریاست اڑیسہ کے شہر بھونیشور کے کالنگا اسٹیڈیم میں ہفتے کوگروپ ڈی میں جرمنی کے علاوہ ہالینڈ نے بھی اپنا میچ جیت لیا دونوں کو تین تین پوائنٹس ملے۔جرمنی کی جانب سے مارکو نے 36 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ورلڈکپ 2018 میں پاکستان گروپ ڈی میں شامل ہے جس کو گروپ آف ڈیتھ قرار دیا جارہا ہے، اس میں چار بار کی عالمی چیمپئن پاکستان، تین مرتبہ کی چیمپئن ہالینڈ، دو بار کی عالمی چیمئین جرمنی اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم میچ میں کوئی پنالٹی کارنر حاصل نہ کرسکی۔جرمنی کو دو پنالٹی کارنر ملے۔قبل ازیں ہفتے کو ہونے والے پہلے میچ میںہالینڈ نے ملائشیا کو سات گول کے مارجن سے آوٹ کلاس کردیا۔ملائشیا کی کوچنگ پاکستانی ٹیم کے ڈچ کوچ رولینڈ اولٹمنز کررہے ہیں۔ہالینڈ کے ہرٹز برگ نے تین فیلڈ گول کئے جبکہ مرکو،وان ڈر ویر دن ،کمپر مین رابرٹ اوربرینکین نے ایک ایک گول کیا۔ملائشیا کی ٹیم مضبوط حریف کے خلاف مزاحمت کرنے میں ناکام رہی۔دو گول پنالٹی کارنر اور پانچ فیلڈ گول بنے۔ٹورنامنٹ میں اسپین کے کپتان میگوئل ڈلاس ان فٹ ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ۔34سالہ سنیئر کھلاڑی دو سو انٹر نیشنل میچوں کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ کندھے کی انجری کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں۔ان کی جگہ ورلڈ کپ میں ریکارڈو سامنچز کو طلب کیا گیا ہے۔