• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

”ڈونکی کنگ “کی مقبولیت کا جادو دُلہا گدھے سجا لایا، فلم کا بزنس 22 کروڑ آج بھی فلم کے ٹکٹ بُک!


کراچی (جنگ نیوز) جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ کی مقبولیت کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، چنیوٹ میں ایک دُلہا اپنی مہندی کی تقریب میں گدھے سجا لایا اور ڈھول کی تھاپ پر خوب بھنگڑے ڈالے۔ جیوفلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے ریلیز کی گئی فلم کی ملک بھر میں کامیابی سے نمائش جاری ہے۔ فلم کا اب تک کا بزنس 22 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ اتوار کو بھی کئی خاندانوں نے اپنے اہل خانہ اور بچوں کو فلم دکھانے کیلئے سنیما گھروں کے ٹکٹ بُک کرالئے ہیں۔ ویک اینڈ ہو اور بچے اپنے پسندیدہ کردار منگو سے ملنے سنیما گھر نہ آجائیں ایسا اب تک مشکل ہی نظر آیا ہے۔ مزاحیہ ڈائیلاگ اور مستی سے بھر پور گانوں نے طالب علموں کے دِلوں پر بھی اپنا راج قائم کرلیا ہے۔ گذشتہ روز سنیما میں لگی اس فلم سے شہر کے مختلف طالب علم خوب محظوظ ہوئے۔ فلم دیکھنے کے بعد بچوں کا کہنا تھا کہ اس فلم کے ڈائیلاگ اور گانے بہت ہی اچھے ہیں، منگو سب سے اچھا ہے اور اس کی کامیڈی بھی بہت اچھی ہے، فلم دیکھنے کے دوران کئی بچے ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوتے رہے۔

تازہ ترین