پشاور(سٹی رپورٹر) مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے نائب صدر فضل اللہ داؤدزئی نے کہاہے کہ چارسدہ روڈ پر کام میں سست روی کے باعث عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ گنے کا کرشنگ سیزن شروع ہونے کے باعث روڈ گھنٹوں بند رہتا ہے جسکے باعث مریضوں، طالبعلموں اور عوام بڑی مصیبت میں مبتلا ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چارسدہ روڈ پرایک عرصے سے سڑک کے دونوں اطراف پر توسیعی کا کام ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام ہوتا ہے اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں اور اب گنے کے کرشنگ سیزن نے تو مشکلات میں اور بھی اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کام دن رات کی بنیاد پر شروع کیا جائے، ایک جانب روڈ پر کام کیا جائے اور دوسری سائیڈ کھلی رکھی جائے ۔ تاکہ ٹریفک بلا ک نہ ہو۔گنے کی سپلائی اگر رات کے وقت ہو تو تب بھی رش کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ کھلا رکھنے کیلئے چارسدہ روڈ پر خصوصی نفری تعینات کی جائے ۔