صادق آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان سے معیشت سنبھلے گی نہ عوام کی امیدیں پوری ہوں گی ‘عمران خان کو سیاسی معاملات کی سمجھ نہیں‘ حکومت میں اندھے ، بہرے ‘لولے اورلنگڑے لوگ بیٹھے ہیں‘ ہر کوئی یہ سمجھتا ہے وہ ہم سے زیادہ ہوشیار ہے‘ حکومت چند روز کی مہمان دکھائی دیتی ہے‘جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ ہمارا تھا‘حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں سنجیدہ نہیں ‘اب سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا ‘ کام نہیں کیا تو حکومت کوگھر جانا پڑے گا‘تاریخ میں نپولین اور ہٹلر کو ہیروتسلیم نہیں کیاگیا‘اپنے دور میں پارلیمنٹ کو اختیارات نہ دیتاتو آج ڈینٹسٹ یا پکوڑے والا صدر نہ ہوتا‘ اللہ ہمیں پھر موقع دے گا‘عوام کے اصل حقدار ہم ہیں‘ آپ کے بنائے ہوئے پتلے نہیں‘ دوبارہ موقع ملا تو ملک کو وہ سسٹم دیں گے جس کی ضرورت ہے۔ اتوارکو صادق آباد کے علاقے نوازآبادمیں ممبر صوبائی اسمبلی ممتاز علی خان چانگ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرد اری نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہر الیکشن میں مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جاتی ہے، کل کوئی اور تھا آج کوئی اور ہے اور ہر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ ہم سے زیادہ ہوشیار ہے، اگر ہم سے زیادہ ہوشیار ہیں تو ملک کو سنبھال کیوں نہیں سکتے ۔ عمران خان سے معیشت سنبھالی جارہی ہے اور نہ ہی لوگوں کو روزگار دے پارہے ہیں‘انہوں نے اتنے یوٹرن لیے ہیں اور اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ زیادن دن ملک سنبھال سکیں گے‘ہر چیز اب دنیا کو سمجھ اور صاف نظر آرہی ہے‘کپتان سے معیشت سنبھالی جائیگی نہ ہی لوگوں کی امیدیں اور نہ یوٹرن‘ یہ شروع سے سمجھتے ہی نہیں ہیں‘ان کو سیاست کی ایک بات سمجھ نہیں آتی ۔ آصف زرداری نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ سمجھتے ہیں کہ 18 ویں ترمیم ہم اپنے لیے لائے تھے، یہ ترمیم صوبوں کے لیے لائی گئی تھی تاکہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل کیے جائیں‘ صرف پیپلز پارٹی کا دور ایسا تھا جس میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا‘ہم نے مخالفین کو جیلوں میں رکھا نہ کسی کا احتساب کرنے کا سوچا، آصف علی زر داری نے کہاکہ دوکتابیں پڑھنے والے کوکیا پتہ کہ نپولین کو ہیرو نہیں کہتے، ہٹلر نے ساڑھے پانچ کروڑ لوگ مروائے تھے‘سابق صدرکا کہناتھاکہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے پی ٹی آئی کی نیت ٹھیک نہیں ہے‘پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا ہمارا نعرہ لے لیا، لیکن ہم نے کہا کہ چلیں بسم اللہ آپ ہی بنالیں صوبہ لیکن انہوں نے نعرے تو لگادئیے مگر اب ان میں صوبہ بنانے کی ہمت نہیں ٗاب یہ پنجاب کا بجٹ کیوں تقسیم نہیں کرتے؟۔