• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے تبصرے کوسکھ جذبات سے جوڑناگمراہ کن ہے، احتساب کاوقت آیا توزرداری کوتنقید یاد آئی، شاہ محمود

اسلام آباد / ملتان(نمائندہ جنگ / اے پی پی ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری کی کرپشن چھپانے کیلئے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کررہے ہیں، قوم جانتی ہے آصف زرداری نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو مضبوط کیا یا اپنے آپ کو مضبوط کیا ، احتساب کا وقت آیا ہے تو تحریک انصاف پر تنقیدیاد آگئی، میرے تبصرے کو سکھ جذبات سے جوڑنا گمراہ کن ہے، سکھ برادری کی دیرینہ خواہش پر کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا ،اچھی نیت سے عمل درآمد ہوگا،منی لانڈرنگ پر جلد ہی قانون سازی کی جائیگی جس کے بعد بیرون ملک جائیدادیں خریدنے اور قومی دولت غیر قانونی طور پر منتقل کرنے والوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے کہ بڑے بڑے لٹیروں پر ہاتھ ڈالا گیا جن لوگوں نے ملکی خزانہ لوٹا اورقومی وسائل کا بے دردی سے استعمال کیا ان کا احتساب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں خطاب اور بھارتی وزیرخارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کیا ۔ ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں مضبوط ، گرین اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کے دور رس اثرات مرتب ہونگے اور عوام کوخوشگوار تبدیلی محسوس ہوگی، حکومت نے پہلے 100دنوں کا ایجنڈا سمت درست رکھنے کیلئے قائم کیا تھا، 100روز گزرنے کے بعد وزراءکی کارکردگی رپورٹس سے پتہ چلا حکومت صحیح راستے پر چل رہی ہے، ہم نے اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 100دن کا ٹائم فریم رکھا تھا، گڈگورننس کیلئے ہر شعبے میں ریفارمز پیش کریں گے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ، عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں گے۔
تازہ ترین