• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی بحران ٹل گیا،  غلط فہمیاں نہ پھیلائیں، کاروبار چلنے دیں، اسد عمر

اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی بحران ٹل گیا‘ اس حوالے سے ہیجانی کیفیت پیدا کرنادرست نہیں‘غلط فہمیاں نہ پھیلائی جائیں‘کاروبارچلنے دیں ‘ملک میں جلد بھاری سرمایہ کاری آئے گی، برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ خسارے میں کمی آرہی ہے‘مرکزی بینک کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جارہا‘ہفتہ میں کئی بار گورنر اسٹیٹ بینک سے رابطہ رہتا ہے‘ گورنر نے ڈالر کی قدر کے حوالہ سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا‘اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے درمیان رابطے کا میکنزم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کو یہاں گیارہویں جنوبی ایشیائی اقتصادی سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی اشارے بہتری کی طرف گامزن ہیں‘ایکسچینج ریٹ کا فیصلہ اسٹیٹ بینک کا اختیار ہے ‘گورنر اسٹیٹ بینک سے رابطہ رہا ہے تاہم اس حوالے سے مکینزم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے‘پی ٹی آئی کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کرتار پور بارڈر کو کھولنا بہت اچھا اقدام تھا‘دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور سیاسی تنازعات حتم کرنے کے لئے الگ سے سوچنا ہوگا۔انہوں نے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہم اپنے عوام کی ضروریات کو پورا کر کے غربت میں کمی لاسکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں انرجی لنک پر کام ہونا چاہیے، اس مقصد کےلئے پالیسی ماہرین کی تجاویز آنی چاہیں۔کراچی سےاسٹاف رپورٹرکے مطابق سندھ بھر کی صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کو 3 ماہ کیلئے گیس کی فراہمی بند نہیں کی جائیگی۔ یہ یقین دہانی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) غلام سرور خان، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد اور وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بی ایم جی کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں منگل کو اسلام آباد میں کے سی سی آئی کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں کروائی اور کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری کو بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔

تازہ ترین