کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ ومغرب مسلمانوں کو یہ سمجھارہے ہیں کہ وہ اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی کو برداشت کریں ، ہم واضح کرتے ہیں کہ پوری امت نبیؐ سمیت کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی قبول اور برداشت نہیں کرے گی ، مسلمانوں نے اس حوالے سے ہمیشہ اور ہر دور میں ایمانی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کیا ہے ، حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ توہین رسالتؐ کے معاملے پر اقوام متحدہ میں مدعی بنے اور اس مسئلے کو اٹھانے اور عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے اسلامی ممالک کی تنظیم کے توسط سے بھی اپنا کردار اداکرے،یہ مسئلہ صرف جلسے جلوسوں اور مظاہروں کا موضوع نہیں بلکہ ایک منظم تحریک اور جدوجہد کرنے اور سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرنے کا موضوع ہے ، اس پر اسلام آباد اور آج کراچی میں جیوریسٹ کا نفرنس کے انعقاد کے بعد توہین رسالت ؐ کے حوالے سے قانون سازی کرنے اور اس معاملے کو عالمی سطح پراٹھانے کے لیے جنیوا میں بھی جیوریسٹ کانفرنس منعقد کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی اور اسلامک لائرز موومنٹ کے تحت جیوریسٹ کانفرنس بعنوان ’’تحفظ ناموس رسالتؐ و مقدسات ختم نبوتؐ کے آئینی و قانونی تقاضے ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔