لاہور(کر ائم رپو رٹر)محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی ) نے بہاولپور میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر کالعدم تنظیموں کے 5 دہشتگردوں کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے خود کش جیکٹس ،ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹو نیٹرز، جدید اسلحہ اور کرنسی برآمد کر لی،دہشتگرد حساس ادارے کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تعلق القاعدہ انڈیا و جنوبی ایشاء شاخ سے ہے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تھانہ صدر بہاولپور کے علاقے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 5دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جو بہاولپور میں حساس ادارے کی عمارت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ٞاور القاعدہ سے ہے جبکہ انکی شناخت محمد طارق عرف حکیم عبد اللہ، اظہرسعید ،حافظ سجاد، دائود نذیراور قیصر حنیف کے ناموں سے ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کو القاعدہ انڈیاو جنوبی ایشیاء شاخ کی جانب سے جنوبی پنجاب میں حساس اداروں کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے بھیجا گیاتھا ۔ اس دہشتگرد گروپ کا حقیقی تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان ٞ سے ہے تاہم کئی سال سے یہ گروپ القاعدہ انڈیاو جنوبی ایشیاء شاخ سے منسلک ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار دہشتگرد القاعدہ انڈیا و جنوبی ایشیاء شاخ کے بڑے دہشتگردوں کو پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں اور مالی امداد فراہم کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے بڑے انکشافات کا امکان ہے ۔