چیف جسٹس ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے 3 دن میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جسٹس ثاقب نثار نے نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر لیا ہے جس میں ماں اور بیٹی کو عدالت سے واپسی پر مبینہ طور پر مخالفین نے قتل کیا تھا۔
گزشتہ روز جہانیاں میں کچہری کے باہر وکلاء چیمبرز کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیشی پر آئی ماں بیٹی کو قتل کردیا تھا۔
جاں بحق خواتین میں ماں تاج بیگم اور اس کی بیٹی عاصمہ بی بی شامل تھیں،مقتولہ 60 سالہ تاج بیگم کے خاندان کے اب تک 7 افراد قتل ہوچکے ہیں، جن میں اس کے 3 بیٹے عبداللہ خان، نعیم خان، وسیم خان، دوبیٹیاں سمیرا بی بی، صائمہ بی بی، دو داماد لشکر خان اور جاوید خان شامل ہیں۔
دونوں ماں بیٹی قتل کے مقدمے میں مدعی تھیں جنہیں احاطہ عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی قتل کیاگیا۔