• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شیخ رشید، فیصل واوڈا کی کارکردگی سے وزیراعظم مطمئن

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور فیصل واوڈا کے کام کی تعریف کی۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ 100 دن میں جو کام ہوئے گزشتہ 10 سال میں ان کا تصور بھی نہیں ہو سکتا تھا، آج بریفنگ دے پاؤں گا۔

وفاقی کابینہ کا 9 گھنٹے طویل اجلاس میں وزراء کی 100 روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم نے دوران اجلاس شیخ رشید اور فیصل واوڈا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کی کارکردگی پر دی گئی بریفنگ کے اختتا م پر ڈیسک بجاکر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ 'شیخ صاحب، آپ کو ریلوے کے افسران فیل کرنے کی کوشش تو نہیں کررہے‘،جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 'ابھی تو حالات ٹھیک ہیں، ایسا محسوس کیا تو آپ کے علم میں لاؤں گا‘۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے وزیراعظم سے کہا کہ 'ریلوے کو آپ کے وژن کے مطابق آئندہ بھی نمبر ون ہی رکھیں گے، 20 نئی ٹرینیں چلائیں، ایک سال کا ٹارگٹ3 ماہ میں مکمل کرلیا 4 فریٹ،3 ٹورسٹ ٹرینیں بھی چلارہے ہیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ 'میرے دور میں ریلوے نے 2 ارب روپے اضافی کمائے، ابھی تک نمبرون ہوں، کارکردگی کی اس دوڑ میں آگے ہی رہوں گا۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی اپنی وزارت کی کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ دی جس پر شرکاء نے کہا کہ وزارت آبی وسائل نے اچھا کام کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت میں 138 افراد کی بھرتی کی گنجائش تھی لیکن وزیر آبی وسائل نے محدود وسائل کے باعث صرف 12 افراد کی مدد سے کام چلایا۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کے جائزے کے لیے اجلاس طلب کیا جائے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین