• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سعودی عرب میں باکسنگ کا فروغ، عامر خان سے رابطہ

پچھلے دنوں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آئے تو پاکستانیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر ان کی بھر پور پذیرائی کی گئی، سعودی حکومت بھی ملک میں باکسنگ کو ترقی دینے اور نئے باکسرز کی تلاش کے لئے کوشاں نظر آ رہی ہے،اسپورٹس پبلک اتھارٹی کی سیکریٹری شہزادی ریما بنت بندر آل سعود نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ عامرخان نئی نسل کو باکسنگ کی تعلیم و تربیت دینے کے خواہشمند ہیں۔ اس تجویز پر غور کیا جارہا ہے کہ عامر خان سے سعودی نوجوان باکسنگ کا ہنر کس طرح سے سیکھیں اور ان سے کس طرح تربیت حاصل کریں۔ عامر خان کی مدد سے بہترین ٹرینرز بھی تلاش کئے جارہے ہیں، انہوںنے کہا ہے کہ سعودی عرب میں زیر تکمیل زبردست منصوبوں سے کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور معاشرے کے مختلف طبقوں کی امنگیں پوری ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ 13فیصد سعودی کھیلوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ40فیصد سعودی جسمانی ورزش کا اہتمام کرنے لگیں۔ اسکے لئے محلوں میں چہل قدمی کےلئے مناسب جگہیں مختص کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اتھارٹی کی بعض سرگرمیوں میں عوام کی شرکت توقعات سے کہیں زیادہ ہوچکی ہے جہاں ہم 3ہزار شائقین کی آمد کے متوقع تھے وہاں 3لاکھ سے زیادہ شائقین پہنچے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسپورٹس اتھارٹی اور مسک فاؤنڈیشن کے درمیان مملکت بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسک فاؤنڈیشن دنیا بھر کی جامعات اور اداروںسے بہترین رابطے قائم کئے ہوئے ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین