• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد سعید مناسب وقت پر NRO مانگنے والوں کو سامنے لے آئینگے،علی محمد

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا معاملہ دسمبر میں طے پاجائے گا،مراد سعید مناسب وقت پر این آر او مانگنے والوں کے نام سامنے لے آئیں گے،احتساب حکومت نہیں کررہی احتساب کے ادارے آزاد ہیں، وزیراعظم عمران خان جمعرات کو قومی اسمبلی میں تشریف لائیں گے۔نیب اگر اپوزیشن ارکان کو گرفتار کرتی اور حکومتی ارکان کو نہیں کرتی تویہ ان سے پوچھا جانا چاہئے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر بھی شریک تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس این آر او دینے کی طاقت ہی نہیں ہے، این آر او جب بھی کوئی دے گا یا نہیں دے گا اس کی سمت کچھ اور ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں جس نے بھی دستخط کیے وہ گرفتار ہوگا،وزیراعظم اسمبلی آئیں تو ارکان پارلیمان کے سوالات کے جواب دینے چاہئیں۔ نوید قمر نے کہا کہ پارلیمنٹ غیرفعال ہوچکی ہے نہ قانون سازی اور نہ ہی پالیسی سازی ہورہی ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ٹمپریچر بڑھ رہا ہے، پی ٹی آئی کی سپورٹ بیس کب تک انہیں سپورٹ دے گی، وزیراعظم عمران خان اسمبلی میں سوالوں کے جواب نہ دیں لیکن ایوان میں تو آئیں۔علی محمد خان نےکہا کہ اختر مینگل کے خدشات ہیں تو انہیں دیکھا جائے گا، اتحادی حکومت میں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، مراد سعید نے مجھے نہیں بتایا کن سات لوگوں نے اس سے این آر او مانگا، مراد سعید پردہ رکھنا جانتا ہے وہ کسی کا پردہ نہیں اٹھائے گا، مراد سعید مناسب وقت پر این آر او مانگنے والوں کے نام سامنے لے آئیں گے،اس وقت کرپشن کرنے والوں پر دن رات بحران ہے، سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ اسپیکر دیکھ رہے ہیں،اس معاملہ میں جو قانون کہے گا وہ کریں گے۔

تازہ ترین