اسلام آباد (جنگ نیوز)وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی اور سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نےبرطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط اور ہدایات کا انتظار کئےبغیر خود ہی روپے کی قدر میں کمی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا، اصلاحات کے معاملے پر آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان اختلافات ہیں لیکن بات چیت جاری ہے جس میں اس بات پر اختلاف رائے نہیں کہ کیا کرنے کی ضرورت ہے بلکہ اقدامات کی رفتار، ترتیب اور وسعت پر اختلاف ہے، انہوں نے کہا کہ ہم وہ سب کر رہے ہیں جو ہمیں کرنے کی ضرورت ہے، عالمی مالیاتی ادارے کی پابند یوں اور شرائط کے انتظار کی بجائے حکومت نے اپنے ابتدائی دنوں میں شرح سود میں اضافہ کیا، نئے ٹیکسز عائد کئے، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائیں اور روپے کی قدر میں کمی کی،یہ تمام اقدامات اور اس سے متعلق دیگر فیصلے معیشت کی بہتری کے لئے کئے گئے۔