کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پرسینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ سطحٰ کا ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس ہوا،جس میں آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہرواں سال آنیوالے اہم ایونٹس قائداعظم ڈے /کرسمس ڈے ،یوم شہادت محترمہ بینظیر بھٹو اور سال نو کے موقع پر سکیورٹی اقدامات کو غیر معمولی بنانے کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ کنٹی جینسی/ڈپلائمنٹ پلان ترتیب دیئے جائیں،اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز،اے آئی جیز نے شرکت کی،آئی جی نے کہا کہ جرائم کیخلاف جاری جنگ میں کامیابی اور کارکردگی کے لیئے ضروری ہے کہ کمانڈ اور لیڈر شپ کو انتہائی مؤثر انداز سے عین پیشہ وارانہ مہارت ،تجربے اور صلاحیت کے مطابق یقینی بنایا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں دستیاب اور درکار افرادی قوت کا تفصیلی جائزہ لیکر جملہ قواعد اور ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس ریکروٹمنٹس کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے۔آپریشنل اور انویسٹی گیشن سے متعلق جملہ اقدامات اور لائحہ عمل کو نا صرف مزید بہتر کیا جائے بلکہ اس ضمن میں نظریہ کمیونٹی پولیسنگ جیسے اقدامات پر اسکی روح کے مطابق عمل داری کو بھی ممکن بنایا جائے کیونکہ باالآخر عوام دوست ماحول اور عوام کا پولیس پر مضبوط اعتماد ہی سے آپ لوگوں کی کارکردگی اور اقدامات کو مزید تقویت ملے گی،آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کے جملہ مالیاتی امور کو درست سمت پرلانے اور مزید شفاف بنانیکے حوالے سے تمام تر اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے،انہوں نے ہدایات دیں کہ صوبے بھر میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں کی مدت کم از کم ایک سال مقرر کی جائے تاہم بدعنوانی یا اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔