• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر،بینظیر انکم سپورٹ ،ڈبلیو ایف اوبھی مستحق افراد کو ایک ہزار ماہانہ دےگا

اسلام کوٹ(نامہ نگار)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) اور ورلڈ فوڈ پروگرام کا تھرپارکر میں خشک سالی سے متاثرہ 4لاکھ سے زائد افراد میں خوراک کی قلت اور دیگر محرومیوں کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدمات پر اتفاق ہو گیا،ڈبلیو ایف پی کی جانب سے بی آئی ایس پی کی مالی معاونت حاصل کرنے والے ہر مستحق خاندان کو اضافی ایک ہزار روپے ملیں گے۔ مٹھی میں منعقدہ ایک روزہ سیمینار میں بات چیت کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کے سیکریٹری عمر حمید خان نے کہا کہ پاکستان میں اسٹنٹڈگروتھ اور غذائی قلت جیسے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے یہ شراکت داری انتہائی قابل قدر ہے اس کے تحت فصلوں کو پہنچنے والے نقصان اور مویشیوں کی پیداوار میں کمی کے نتیجے میں خوراک کی قلت پر قابو پانے کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائیگی۔ یہ اقدام پاکستان کے سب سے بڑے سیفٹی نیٹ، بی آئی ایس پی کی شاک رسپانسو کپیسٹی کو مضبوط بنانے کیلئے جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے مجموعی طور پر تھر پار کر کے 63 ہزار غریب ترین افراد کو بی آئی ایس پی کی جانب سے دی جانے والی 1650 روپے ماہانہ مالی معاونت کے علاوہ انسانی بنیادوں پر اضافی رقم دی جائے گی۔بی آئی ایس پی اور ڈبلیو ایف پی مقامی حکام کیساتھ رابطے میں رہیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقامی منڈی متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرے اور اضافی رقم کی فراہمی کے نتیجے میں منڈی میں خوراک یا دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ڈبلیو ایف کے کنٹری ڈائریکٹر فنبر کیورن نے ملک کے پسماندہ طبقات کی مدد کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مالی معاونت پر مبنی انسانی رد عمل تباہی سے متاثرہ آبادی کی مدد کیلئے بے حدموثر ہے۔ ڈبلیو ایف پی، بی آئی ایس پی کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور اس قسم کی صورتحال پر بروقت اور موثر انداز میں قابو پانے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ڈبلیو ایف پی اور حکومت پاکستان کی ہنگامی صورتحال کے دوران یا اس کے بعد پسماندہ آبادی تک رسائی حاصل کرنے اور اس پر قابو پانے کیلئے آسٹریلیوی حکومت کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین