گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اس وقت کنفیوزن کا شکار ہیں ان کی باتیں ملکی استحکام کے لیے نامناسب ہیں۔
حیدرآباد میں کوٹری بیراج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آصف زرداری آپ اپنے بارے میں بتائیں کہ آپ کہاں سے آئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر ہیروبن کرآصف زرداری جو پاکستان کے ساتھ کرنا چاہ رہے ہیں اب وہ معاملہ مزید چل نہیں سکتا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آصف زرداری آپ کرپشن کے الزامات ہیں، جن کی انکوائری ہو رہی ہے ثابت ہوئی تو گرفتار بھی ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا بیان ملک کے استحکام کے لیے نامناسب ہے وفاق سندھ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کر رہا ہے ، پانی کا جو حصہ ہے وہ ہی دے رہا ہے ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کی مزید قلت ہوجائے گی، وفاق کا سندھ کو پانی نہیں دینے کا تاثر غلط ہے، وفاق نے کے فور پر اپنا 25 بلین کا حصہ ادا کر دیا ہے، جبکہ منصوبہ 25 سے 125 بلین تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کینجھر جھیل میں گندہ پانی ڈالا جارہا ہے اس معاملے کی رپورٹ پیش کی جائے۔