کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)اسپیکر سندھ اسمبلی اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی آغا سراج درانی اور ان کے بیوی بچوں کیخلاف تحقیقات کے لیے نیب سندھ نے سی آئی ٹی (کمبائن انویسٹیگیشن ٹیم) بنادی،نیب ٹیم نے اسپیکرسندھ اسمبلی اوران کے قریبی عزیزواقارب کے علاوہ قریبی دوستوں سے متعلق معلومات جمع کرنے کیلئے سندھ اسمبلی اوردیگرمقامات کے دورے کیے،آغا سراج درانی سمیت11رشتہ داروں کے نام اور شناختی کارڈ نمبرکے ذریعہ بھی سندھ بھرمیں اثاثوں کے کھوج لگانے کا کام بھی شروع کردیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کی طرف سے سندھ اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر ویسٹ سمیت مختلف سرکاری اداروں کوارسال کردہ خط میں متعلقہ افسران کو تمام ثبوت اکھٹے کر کے سی آئی ٹی تک پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آغا سراج درانی اور ان کے اہلخانہ کے کتنے اثاثے ہیں؟ اوراثاثے ان کے نام پرہیں یا ان کی طرف سے کسی اورکے نام منتقل کیے گئے ہیں تمام تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں آغا سراج درانی سمیت 11 رشتے داروں کے نام اور شناختی کارڈ نمبر بھی دیے گئے ہیں اورکہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ اور دیگر ذرائع سے اثاثوں کی تفصیلات اکھٹی کی جائیں گی علاوہ ازیں نیب سندھ کی تشکیل کردہ کمبائن انویسٹیگیشن ٹیم سی آئی ٹی نے متعلقہ افسران کو نیب ہیڈکوارٹرمیں طلب کرکے انہیں ضروری ہدایت بھی جاری کی ہیں اوران سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کی بنیاد پرتحقیقات کا دائرہ آغاسراج درانی کے آبائی ضلع شکارپورگڑھی یاسین تک وسیع کردیا گیا ہے۔