اسلام آباد(ایجنسیاں)سابق صدرآصف علی زرداری کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مختصر ملاقات ‘مصافحہ‘سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال‘ سابق صدر نے نواز شریف سے ملنے پر بھی آمادگی ظاہر کردی جبکہ آصف زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہیں گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور قومی اسمبلی میں اپوز یشن لیڈر شہباز شریف کی مختصر ملاقات ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی ہال میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زردا ری نے مصافحہ کیا۔ شہباز شریف ایوان سے باہر جانے کیلئے اٹھے تو سابق صدر اپنی نشست سے اٹھ کرآئے، مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو بھی کی ۔قبل ازیں پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے آنیوالے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ نہیں سمجھتے کہ موجودہ حالات میں نواز شریف کے ساتھ بیٹھنا چاہیے؟ جس پر سابق صدر نے کہا کہ آپ کیا کہتے ہیں جو آپ کہیں گے وہ کریں گے؟۔ صحافی نے کہا کہ آپ تو مفاہمت کے بادشاہ ہیں، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں تو مان لیتے ہیں۔صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ کیا رواں ہفتے آپ کی نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ آپ کروالیں کہہ دیں، جو حکم کریں، صحافی نے کہا اسلام آباد میں آپ کی گرفتاری کی باتیں گردش کر رہی ہیں، سابق صدر نے جواب دیا کہ آپ کو ہمیشہ یہی خوف رہتا ہے لیکن مجھے کوئی خوف نہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے قبل ازوقت انتخابات کے حوالے سے بیان دیا ہے آپ کو کس نے بتایا ہے کہ انتخابات قبل ازوقت ہوں گے، جس پر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا اشارہ۔