پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں اولمپین قمر ابراہیم کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ پرو ہاکی لیگ ہے جس کے لیے کیمپ یکم جنوری سے لگایا جا رہا ہے، اس موقع پر پی ایچ ایف کی جانب سے ٹیم اور مینجمنٹ میں نئے چہرے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اولمپین قمر ابراہیم کو ٹیم کوچنگ کی ذمہ داریاں دی جا رہی ہیں ، ان کے ساتھ سمیر حسین اور شفقت ملک کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے۔
صلاح الدین صدیقی کو منیجر کی بھی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں ، رضوان سینئر، عرفان سینئر اور راشد محمود سمیت سات سینئر کھلاڑیوں کو کیمپ میں نہیں بلایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد منیجر حسن سردار اور توقیر ڈار مزید ذمہ داریاں نبھانے سے معذرت کر چکے ہیں، جبکہ ریحان بٹ کو کوچنگ اسٹاف سے الگ کیے جانے کا امکان ہے۔