کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئرتجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی گرفتاری کے پاکستانی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، دونوں رہنماؤں کے جیل جانے سے سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں اب تبدیلی آنا ضروری ہوگئی ہے،آصف زرداری کے واقعی امریکا میں اپارٹمنٹ ہیں جو انہوں نے ظاہر نہیں کیے تو سیدھی نااہلی ہے،آرٹیکل 62ون ایف کا اطلاق کہاں ہوگا کہاں نہیں ہوگا اس کا تعین ابھی تک نہیں کیا جاسکا ، پارلیمنٹ اس کی تشریح کرے تاکہ سب پر یکساں طور پر اس کا اطلاق کیا جاسکے، بسنت مناناچاہئے لیکن پہلے یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بے گناہ کا خون نہیں بہے گا، دھاتی اور شیشہ والی ڈور پر پابندی لگا کر بسنت کو کافی حد تک محفوظ بنایا جاسکتا ہے، بسنت کی آڑ میں لاہور کی چھتوں سے فائرنگ اور ناچ گانے شروع ہوگئے تھے جس کا ثقافت سے کوئی تعلق نہیں ہے، لاہور کی اصل بسنت واپس آنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار حسن نثار، سلیم صافی، بابر ستار، بینظیر شاہ، ارشاد بھٹی اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال نواز شریف اور آصف زرداری کے جیل جانے کا امکان، پاکستانی سیاست پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری جیل گئے تو پاکستان سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔