• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور: اسپتال میں بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

ڈی ایچ کیو اسپتال قصور میں 10سالہ بچی سےزیادتی کی مبینہ کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، تھانہ صدر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

بچی کے والد مصطفیٰ کی درخواست پر درج ایف آئی آر کے مطابق اس کی 10سالہ بیٹی ہیضے کی بیماری کی وجہ سے ڈسٹرکٹ اسپتال قصور میں داخل تھی۔

بچی رفع حاجت کے لیے واش روم گئی تو ایک اوباش اس کا پیچھا کرتا وہاں پہنچ گیا،بچی کو اکیلا پا کر اس شخص نے زیادتی کی کوشش کی مگر بچی کے شور مچانے پر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ وہاں پہنچ گیا اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

ملزم گھگھڑ کا رہائشی ہے اور اس وقت محلہ قادرآباد میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں ٹھہرا ہوا تھا، تھانہ صدر قصور میں مقدمہ درج کرکے ملزم کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اسپتال کے سینئر ڈاکٹر طاہر شاہین کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو سمیت پنجاب کے تمام اسپتالوں میں سیکیورٹی کا ٹھیکہ ختم کر دیا گیا ہے جس کے باعث کئی قسم کے مسائل سامنے آ رہے ہیں اور یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

تازہ ترین