نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کیوں نہیں ہوسکتی؟ خورشید شاہ نے ملاقات کا اشارہ دے دیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جب آصف زرداری اسلام آباد آئیں گے تو ان کی نواز شریف سے ملاقات ہو سکتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت خود مڈٹرم انتخابات اور غیر یقینی کی باتیں کرتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ چلے اور حالیہ صورتحال میں نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات ہوسکتی ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف سارے مقدمات جھوٹے اور بےبنیاد ہیں اور ان کے خلاف براہ راست کوئی الزام نہیں، حکومت کو آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر 130 ارب کا بوجھ ڈالا گیا جب کہ سعودی عرب سے بھی حکومت کو ایک ارب ڈالر ملے ہیں اس کے باوجود عوام پر بوجھ بھی ڈال رہے ہیں اور کشکول بھی پھیلا رہے ہیں۔
صنم بھٹو کو پارٹی میں کردار دیے جانے سے متعلق صحافی کے سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ صنم بھٹو، بھٹو خاندان کا حصہ ہیں، ان کے نام کو سیاست سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔